ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیف کے نام پر اب بی ایس ایف جوانوں نے کی مسلم جوڑے کی پٹائی

بیف کے نام پر اب بی ایس ایف جوانوں نے کی مسلم جوڑے کی پٹائی

Mon, 08 Apr 2019 12:42:50    S.O. News Service

کولکتہ،8؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل شمالی 24پرگنہ ضلع کے بیتھاری پنچایت میں بی ایس ایف کے جوانوں کے ذریعہ ’’بیف‘‘کے نام پر ایک مسلم جوڑے کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پورے علاقے میں غم و غصہ کا ماحول ہے ۔جب کہ بنگال میں بیف کے گوشت پر پابندی عائد نہیں ہے ۔

24سالہ ربیع الغازی نے بی ایس ایف کے جوانوں کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔غازی کی قانونی مدد کررہے   اگینسٹ کسٹوڈیئل ٹارچر اینڈ امپونیٹی کے نیشنل کنوینر کیرتی رائے نے الزام عائد کیا کہ  26مارچ کا یہ معاملہ ہے ،مگر پولیس انتظامیہ بی ایس ایف کے دباؤ کی وجہ سے بی ایس ایف کے دوجوان جو مارپیٹ میں ملوث ہیں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے ۔پولیس تھانے میں درج شکایت کے مطابق غازی سبزیوں کوفروخت کرنے کیلئے بیتھاری مارکیٹ گیا تھا۔واپسی پر اس نے گھر کیلئے مارکیٹ سے ہی ایک کلو بیف کا گوشت خرید لیا۔مگر اترپارا جہاں غازی کا گھر ہے میں بی ایس ایف نے روک لیا اور پوچھا کہ بیگ میں کیاہے ؟جب غازی نے کہا کہ گوشت ہے تو بی ایس ایف کے جوانوں نے پٹائی شروع کردی۔اپنے شوہر کو بچانے کیلئے اہلیہ شبانہ بی بی، بہن اور دیگر خواتین پہنچیں تو ان کے ساتھ بھی مارپیٹ کی گئی ہے ۔

غازی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ کوئی خاتون اہلکار نہیں تھی۔اس کے باوجودبی ایس ایف کے جوانوں نے ہی اس کی اہلیہ اوربہن اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مارپیٹ اور دھکا مکی کی۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ بی ایس ایف کے جوانوں نے عینی شاہدین کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی کہ اگر غازی کے معاملے میں گواہی دی تو ہتھیار اور نشیلی اشیاء کے اسمگلنگ کے معاملے میں انہیں پھنسادیا جائے گا۔

کیرتی رائے نے قومی حقوق انسانی کمیشن سے اس معاملے کی تحریری شکایت کی ہے اوربی ایس ایف کے جوانوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان کو معاوضہ اور سکیورٹی فراہم کی جائے ۔بعد میں یہ معاملہ سامنے آنے پربی ایس یف جی برانچ کے آفیسر مقامی پنچایت ممبر بجلو الرحمن دفعدار کے ساتھ موقع واردات کا دورہ کرکے پورے معاملے کی جانچ کی گئی ہے۔بی ایس ایف کے جی برانچ کے آفیسر نے اعتراف کیا کہ بی ایس ایف کانسٹبل سے غلطی ہوگئی ہے ۔بیتھاری حکیم پور پنچایت کے ممبر بجلوالرحمن دفعدار نے متعدد مرتبہ متاثرین کے گھر کا دورہ کیا اور ان پر دباؤ بنانے کی کوشش کی کہ بی ایس ایف کے جوانوں کے خلاف تھانے میں شکایت درج نہ کرائیں۔بی ایس ایف کے جن جوانوں کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے ان میں اتم کلال اور نوین سانار ہیں دونوں کا تعلق76ویں بٹالین سے ہے جو بیتھاری بورڈر آؤٹ پوسٹ پر تعینات ہیں۔

کیرتی رائے نے این آر سی کے چیرپرسن کے نام خط میں کہا ہے کہ یہ واقعہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل21جس میں حقوق فراہم کئے گئے ہیں کی خلاف ورزی ہے ۔ا س کے علاوہ شہری اور سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی کنوینٹ کی دفعہ6,7اور12کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہندوستان نے بین الاقوامی قوانین پر دستخط کیے ہیں اور بیجنگ معاہدہ میں بھی صاف طور پر خواتین کے حقوق کی بات کہی گئی ہے ۔بی ایس ایف کے جوانوں نے ان تمام حقوق کی خلاف ورزی کی ہے ۔


Share: